حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کے سرکاری و مقامی ذرائع نے صوبہ حمص کے علوی اکثریتی علاقے وادی الذہب میں واقع مسجد امام علی علیہ السلام میں دھماکے کی اطلاع دی ہے۔ المیادین نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ مسجد کے اندر پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ جمعہ کی نماز کے دوران اس وقت پیش آیا جب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے، جس کے نتیجے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق، اس دھماکے میں کم از کم 5 افراد شہید جبکہ 21 دیگر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال اس بات کی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ واقعہ خودکش حملہ تھا یا نہیں۔ بعض اطلاعات میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد پہلے سے مسجد کے اندر نصب تھا، جو بعد میں پھٹ گیا۔
سانا کے مطابق، ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے عندیہ ملتا ہے کہ دھماکہ مسجد کے اندر رکھے گئے بم کے باعث ہوا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









آپ کا تبصرہ